ایسی جگہ جہاں کبھی بارش نہیں ہوتی
دلول، ایتھوپیا کا ایک ایسا مقام ہے، جو دنیا کے سب سے غیر معمولی ہائیڈرو تھرمل علاقوں میں سے ایک ہے۔ یہاں سبز تیزابی تالابوں، کلورین اور سلفورک زہریلی گیسوں کے علاوہ کچھ نہیں۔
موت کے مناظر
ایتھوپیا کے عفر ریجن میں نمک کی کھائیاں کسی قیامت خیز منظر سے کم نہیں۔ داناکل ڈپریشن نامی یہ مقام ایتھوپیا اور اریٹیریا کی سرحد پر واقع ہے۔ یہ زمین پر سب سے گرم اور سب سے زیادہ غیر محفوظ مقامات میں سے ایک ہے۔ یہاں درجہ حرارت پچاس ڈگری سینٹی گریڈ سے زیادہ ریکارڈ کیا جا چکا ہے۔ یہاں بارش نہیں ہوتی۔
دلول ہائیڈروتھرمل سسٹم
دلول دنیا کے سب سے غیر معمولی ہائیڈرو تھرمل علاقوں میں سے ایک ہے۔ یہاں واقع سلفر کے دیدہ زیب چشموں کو دیکھنے کی خاطر سیاح جیپ کے ذریعے کئی کلومیٹر کا سفر کرتے ہیں۔ مقامی لوگ اونٹ سے سفر کرنے کو ترجیح دیتے ہیں۔ ’دلول‘ لفط عفر قوم نے ایجاد کیا تھا، جس کا مطلب ’تحلیل‘ ہے۔
تھکن سے چور چور کر دینے والا کام
ایتھوپیا میں واقع داناکل ڈپریشن نامی مقام نمک سے مالا مال ہے۔ اسے سفید گولڈ بھی کہا جاتا ہے، جو مقامی عفر لوگوں کا ذریعہ معاش بھی ہے۔ وہ یہاں سے نمک نکال کر مقامی منڈیوں میں فروخت کرتے ہیں۔ یہ انتہائی محنت طلب اور جانفشانی والا کام ہے۔
سانس لینا بھی مشکل
سن 1926 میں دلول آتش فشاں پھٹنے کے نتیجے میں یہاں عجیب و غریب تبدیلی دیکھی گئی۔ آتش فشانی کی وجہ سے یہاں واقع نمک کے ذخائر تیس میٹر تک ابھر آئے۔ یہاں مسلسل زلزلے آتے رہتے ہیں، جو سلفر کے تالابوں میں سرگرمی پیدا کرتے ہیں۔ یہاں باسی انڈوں کی بدبو ہر جا پھیلی ہوئی ہے۔
حیرت انگیز مناظر
یہاں گرم پانی کو زمین کی سطح پر آنے کی خاطر پتھروں کی متعدد تہوں سے گزرنا پڑتا ہے۔ اس سرگرمی کے دوران سلفر، آئرن اور نمک پیدا ہوتا ہے۔ اس عمل سے زرد، سرخ اور سفید رنگ کا مواد بھی پیدا ہوتا ہے، جو دیکھنے میں انتہائی دلکش معلوم ہوتا ہے۔
زندگی ممکن ہی نہیں
اکتوبر سن 2019 میں ایک تحقیق سے معلوم ہوا تھا کہ دلول میں واقع نمک کے پانیوں میں زندگی ممکن نہیں ہے۔ یہاں پی ایچ لیول اتنا کم ہے کہ انتہائی مزاحمت دیکھانے والے مائیکروبس بھی یہاں زندہ نہیں رہ سکتے۔ خود ہی اندازہ لگا لیجیے کہ ان پانیوں کا درجہ حررات 108 ڈگری سینٹی گریڈ ہے۔
لاوے کا تالاب
ایرٹا ایلے نامی آتش فشاں داناکل ڈپریشن میں واقع ہے۔ یہ دنیا کے ایسے چھ آتش فشاں پہاڑوں میں سے ایک ہے، جن میں لاوے کے تالاب ہیں۔ یہ آتش فشاں 613 میٹر کی بلندی پر واقع ہے۔ سیاح اس آتشاں فشاں میں لاوے کے تالاب کو دیکھنے کی خاطر مشکل سفر بھی کرتے ہیں۔
گرم تعطیلات
اگرآپ انتہائی گرم موسم پسند کرتے ہیں تو عفر ریجن ایک بہترین تعطیلاتی مقام ہو سکتا ہے۔ یہاں سالانہ اوسطاً درجہ حرارت 35.6 ڈگری سینٹی گریڈ ہوتا ہے۔ یہ ہماری زمین پر سب سے گرم جگہ ہے۔ اس خطے کا بڑا حصہ سطح سمندر سے 125 میٹر نیچے ہے۔